بھٹکل:28/فروری (ایس او نیوز) تعلقہ اور شہری حدود کے کئی مقامات پر سرکاری زمین پر قبضہ جماتے ہوئے دوکانوں اور باکڑوں کے ذریعے بیوپار کیا جارہاہے، اس سلسلے میں ضروری اقدامات کرنے کا مطالبہ لے کر کرناٹکا سوابھیمانی کرانتی سنگھا بھٹکل کی طرف سے منگل کو بھٹکل اسسٹنٹ کمشنر کے ذریعے ضلع ڈی سی کے نام میمورنڈم سونپا گیا۔
تعلقہ میں کچھ مقامات پر فٹ پاتھوں پر دکانوں کو سجا کر بیوپار کیا جارہاہے، جس سے سواریوں کے گزرنے اور عوامی چہل پہل کے لئے دشواریاں پیدا ہورہی ہیں، ان باکڑوں کی وجہ سے شہر میں حادثات میں بھی اضافہ ہورہاہے، اس سے قبل جب مُنیش مڈگل ضلع کے ڈپٹی کمشنر تھے تو اس دوران بھٹکل کے کئی ایک غیر قانونی دکانوں کو بغیر کسی لاگ لپیٹ کے نکال باہر کیاتھا۔ ان کے تبادلے کے بعد سرکاری زمینات کا اتی کرم دوبارہ شروع ہوگیاہے۔ اتی کرم زمینات پر قائم دکانوں کو نکال باہر کرنے میں تعلقہ انتظامیہ اور مقامی بلدیہ کوئی توجہ نہیں دے رہی ہے، یہاں عدالتی احکامات کی بھی کوئی پرواہ نہیں کررہاہے، میمورنڈم میں کہا گیا ہے کہ ایسے اتی کرم دکانوں میں غیر قانونی کاموں کو بھی انجام دیا جارہا ہے جس کو دیکھتے ہوئے ضلعی انتظامیہ کو فوری طورپر ان باکڑوں اور دکانوں کو نکال باہر کرنا چاہئے اورسرکاری زمینات کا تحفظ کرنا چاہئے۔
بھٹکل اے سی منجوناتھ نے میمورنڈم کو قبول کیا۔ کرناٹکا سوابھیمانی کرانتی سنگھا کے ضلعی صدر ایرا نائک، کمار نائک، کے ایم شریف، وینکٹیش نائک، مقامی صدر اشوک نائک، رام چندر گونڈ، جیون نائک، دیویندرنائک، سریش نائک، چندرو کے نائک موجود تھے۔